یہ جہیز نہ لینے والے لڑکے کس سیارے پر دستیاب ہوتے ہیں

 *یہ جہیز نہ لینے والے لڑکے کس سیارے پر دستیاب ہوتے ہیں ؟*


[ کراچی (پاکستان) کی ایک تقریبِ نکاح کی روداد _ افسوس کہ روداد لکھنے والے کا نام نہیں معلوم ہوسکا _ رضی الاسلام ندوی]


         کل مسجد قبا، فیڈرل بی ایریا میں بعد نماز عصر میری بیٹی فاطمہ صدیقی کا نکاح امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق صاحب نے رکن جماعت محمد فیض کے رکن جمعیت صاحب زادے عنید احمد کے ساتھ پڑھایا۔ الحمدللہ یہ میری تیسری بیٹی کی شادی ہے ۔


        میں نے ابتدائی گفتگو میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث مبارکہ "نکاح کو آسان بناؤ"  کے حوالے سے بات کی اور اللہ کا شکر ادا کیا کہ اللہ تعالی نے مجھے تینوں داماد ایسے عطا فرمائے کہ سب نے جہیز لینے سے انکار کردیا اور میری بیٹیاں اپنی سسرالوں میں انتہائی خوش ہیں۔ اس مرتبہ تو دولہا میاں عنید کے نانا رکن جماعت مفخم علی طاہر صاحب اور فیض بھائی نے اصرار کیا کہ رخصتی مسجد سے ہو ۔ نماز مغرب کے بعد الحمدللہ میری بیٹی آنسووں اور دعائوں کے ساتھ مسجد سے ہی رخصت ہوگئی

تقریب میں پندرہ سو سے زائد مہمان شریک ہوئے۔ امیر تنظیم اسلامی پاکستان شجاع الدین شیخ، ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار، صلاح الدین شیخ، سابق ایم پی اے وسیم آفتاب، پی ڈی پی کے بشارت مرزا، PPP کے وقار مہدی، JUP کے علامہ قاضی احمد نورانی، سواد اعظم کے قاری اللہ داد، معروف دانش ور نصرت مرزا، راشد نسیم، اسد اللہ بھٹو، میاں مقصود احمد، محمد حسین محنتی، عبدالغفار عمر، حافظ نصراللہ عزیز، ممتاز سہتو، عبدالحفیظ بجارانی ،محمد اصغر، حافظ نعیم الرحمان، ندیم حیدر، الیکشن کمشنر کراچی عارب مہر، ڈائریکٹر ایف آئی اے حلیم شیخ، سکرٹری فوڈ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راجہ عارف سلطان، ڈاکٹر طاہر شمسی، ڈاکٹر انتخاب توفیق، ڈاکٹر شایان شادمانی، ضرار خان، شکیل ترابی، ابرار بختیار، حنیف عابد، اجمل سراج، خواتین میں محترمہ عائشہ منور صاحبہ، دردانہ صدیقی، ناظمہ جماعت اسلامی پاکستان خواتین، امت الرقیب، عطیہ نثار، رخشندہ فاطمہ، طیبہ عاطف، اسما سفیر صاحبہ، سمیت بے شمار علماء، صحافی سیاسی کارکن ، دانش ور، دوست احباب، بزرگ اور عمائدین تشریف لائے۔


         رخصتی کے بعد مسجد کے ایک پرانے واقف کار نمازی مجھے روک کر پوچھنے لگے کہ ڈاکٹر صاحب! تقریب بہت لاجواب تھی، بڑی للہیت اور روحانیت ملی۔ لیکن ڈاکٹر صاحب! یہ جہیز نہ لینے والے اور مسجد سے رخصتی پر تیار ہونے والے لڑکے کس سیارے پر ملتے ہیں؟

          میں نے ان سے کہا کہ سید ابوالاعلی مودودی رحمۃ اللہ علیہ کی تحریروں نے وہ اجتماعیت اور نفوس پیدا کیے ہیں جو دور حاضر میں صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کا کردار دہرانے کی ہمت اور عزم رکھتے ہیں ۔ والدین جماعت کے تربیت یافتہ ہوں اور بچوں نے جمعیت کی آغوش میں آنکھ کھولی ہو تو کسی اور سیارے پر جانے کی ضرورت نہیں، اسی زمین پر ایسے لوگ تیار ہوجاتے ہیں جو ماحول میں انقلاب برپا کرسکتے ہیں _


      میں تمام مہمانوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں اور جو کسی عذر کی وجہ سے تشریف نہیں لاسکے اللہ ان پر بھی رحمتیں نازل فرمائے ۔ مجھے جماعت اسلامی سے تعلق پر فخر ہے ۔ اللہ رب العالمین نئے جوڑے کو امت کی طاقت کا ذریعہ بنائے اور تمام خاندانوں کو خوشیاں صحت عافیت اور کامیابیاں عطا فرمائے _ آمین ، ثم آمین_

Comments

Popular posts from this blog

بہترین جماعت کے بدترین لوگ

گفتگو سائے اور غفلت سے

مسلمان جائیں تو کہاں جائیں