آخرت میں ظالموں کو کوئی معذرت پیش کرنے کا موقع نہ ملے گا

 

فہرست موضوعات تفہیم القران سیریز

آخرت میں ظالموں کو کوئی معذرت پیش کرنے کا موقع نہ ملے گا

فہرست موضوعات تفہیم القران جلد سوم-آخرت

صفحہ 766

سورہ روم آیات 55تا57

وَ يَوْمَ تَقُوْمُ السَّاعَةُ يُقْسِمُ الْمُجْرِمُوْنَ١ۙ۬ مَا لَبِثُوْا غَيْرَ سَاعَةٍ١ؕ كَذٰلِكَ كَانُوْا يُؤْفَكُوْنَ۰۰۵۵وَ قَالَ الَّذِيْنَ اُوْتُوا الْعِلْمَ وَ الْاِيْمَانَ لَقَدْ لَبِثْتُمْ فِيْ كِتٰبِ اللّٰهِ اِلٰى يَوْمِ الْبَعْثِ١ٞ فَهٰذَا يَوْمُ الْبَعْثِ وَ لٰكِنَّكُمْ كُنْتُمْ لَا تَعْلَمُوْنَ۰۰۵۶فَيَوْمَىِٕذٍ لَّا يَنْفَعُ الَّذِيْنَ ظَلَمُوْا مَعْذِرَتُهُمْ وَ لَا هُمْ يُسْتَعْتَبُوْنَ۠۰۰۵۷ سورہ روم آیات 55تا57

جب وہ ساعت برپا ہوگی80 تو مجرم قسمیں کھاکھا کر کہیں گے کہ ہم ایک گھڑی بھر سے زیادہ نہیں ٹھہرے ہیں،81 اسی طرح وہ دنیا کی زندگی میں دھوکا کھایا کرتے تھے۔ مگر جو علم اور ایمان سے بہرہ مند کیے گئے تھے وہ کہیں گے کہ خدا کے نوشتے میں تو تم روزِ حشر تک پڑے رہے ہو، سو یہ وہی روزِ حشر ہے، لیکن تم جانتے نہ تھے۔ پس وہ دن ہوگا جس میں ظالموں کو ان کی معذرت کوئی نفع نہ دے گی اور نہ اُن سے معافی مانگنے کے لیے کہا جائے گا۔

جب وہ ساعت برپا ہوگی

سورة الروم حاشیہ نمبر۸۰

یعنی قیامت جس کے آنے کے خبر دی جارہی ہے۔

گھڑی بھر سے زیادہ نہیں ٹھہرے ہیں

سورة الروم حاشیہ نمبر۸١

یعنی مرنے کے وقت سے قیامت کی اُس گھڑی تک۔ ان دونوں ساعتوں کے درمیان چاہے دس بیس ہزار برس ہی گزر چکے ہوں، مگر وہ یہ محسوس کریں گے کہ چند گھنٹے پہلے  ہم سوئے تھے اور اب اچانک ایک حادثہ نے ہمیں جگا اُٹھایا ہے۔

دھوکا کھایا کرتے تھے

سورة الروم حاشیہ نمبر۸۲

یعنی ایسے ہی غلط اندازے یہ لوگ دنیا میں بھی لگاتے ہیں۔ وہاں بھی یہ حقیقت کے ادراک سے محروم تھے، اسی وجہ سے یہ حکم لگایا کرتے تھے کہ کوئی قیامت ویامت نہیں آنی، مرنے کے بعد کوئی زندگی نہیں ، اور کسی خدا کے سامنے حاضر ہو کر ہمیں حساب نہیں دینا۔

نہ اُن سے معافی مانگنے کے لیے کہا جائے گا

سورة الروم حاشیہ نمبر۸۳

دوسرا ترجمہ یہ بھی  ہو سکتا ہے ”نہ ان سے یہ چاہا جائے گا کہ اپنے ربّ کو راضی کرو،“ اس لیے کہ توبہ اور ایمان اور عملِ صالح کی طرف رجوع کرنے کے سارے مواقع کو وہ کھو چکے ہوں گے اور امتحان کا وقت ختم ہو کر فیصلے کی گھڑی آچکی ہو گی۔

 

 

Comments

Popular posts from this blog

بہترین جماعت کے بدترین لوگ

گفتگو سائے اور غفلت سے

مسلمان جائیں تو کہاں جائیں