آخرت کے عذابو ں سے پہلے دنیا میں لوگوں کو چھوٹے چھوٹے عذابوں کے ذریعے سے متنبہ کیا جاتا ہے
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ
الرَّحِيْمِ
آخرت کے عذابو ں سے پہلے دنیا میں
لوگوں کو چھوٹے چھوٹے عذابوں کے ذریعے سے
متنبہ کیا جاتا ہے
فہرست موضوعات – تفہیم القرآن جلد
پنجم – آخرت
صفحہ 183، 184
سورہ طور آیات 45تا47
فَذَرْهُمْ حَتّٰى يُلٰقُوْا يَوْمَهُمُ
الَّذِيْ فِيْهِ يُصْعَقُوْنَۙ۰۰۴۵يَوْمَ لَا يُغْنِيْ عَنْهُمْ
كَيْدُهُمْ شَيْـًٔا وَّ لَا هُمْ يُنْصَرُوْنَؕ۰۰۴۶وَ اِنَّ
لِلَّذِيْنَ ظَلَمُوْا عَذَابًا دُوْنَ ذٰلِكَ وَ لٰكِنَّ اَكْثَرَهُمْ لَا
يَعْلَمُوْنَ۰۰۴۷
پس اے نبیؐ ، انہیں
ان کے حال پر چھوڑ دو یہاں تک کہ یہ اپنے اس دن کوپہنچ جائیں جس میں یہ مار گرائے
جائیں گے، جس دن نہ ان کی اپنی کوئی چال ان کے کسی کام آئے گی نہ کوئی ان کی مدد
کو آئے گا۔ اور اس وقت کے آنے سے پہلے بھی ظالموں کے لیے ایک عذاب ہے ،مگر ان میں سے
اکثر جانتے نہیں ہیں۔
یہ اسی مضمون کا اعادہ ہے جو سورہ
السجدہ، آیت 21 میں گزر چکا ہے کہ ’’ اس بڑے عذاب سے پہلے ہم اسی دنیا میں کسی نہ
کسی چھوٹے عذاب کا مزا انہیں چکھاتے رہیں گے ، شاید کہ یہ اپنی باغیانہ روش سے باز
آ جائیں ‘‘۔ یعنی دنیا میں وقتاً فوقتاً شخصی اور قومی مصیبتیں نازل کر کے ہم انہیں
یہ یاد دلاتے رہیں گے کہ اوپر بالا تر طاقت ان کی قسمتوں کے فیصلے کر رہی ہے اور
کوئی اس کے فیصلوں کو بدلنے کی طاقت نہیں رکھتا۔ مگر جو لوگ جہالت میں مبتلا ہیں
انہوں نے نہ پہلے کبھی ان واقعات سے سبق لیا ہے نہ آئندہ کبھی لیں گے ۔وہ دنیا میں
رونما ہونے والے حوادث کے معنی نہیں سمجھتے ، اس لیے ان کی ہر وہ تاویل کرتے ہیں
جو حقیقت کے فہم سے ان کو اور زیادہ دور لے جانے والی ہو، اور کسی ایسی تاویل کی
طرف ان کا ذہن کبھی مائل نہیں ہوتا جس سے اپنی دہریت یا اپنے شرک کی غلطی ان پر
واضح ہو جائے۔ یہی بات ہے جو ایک حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد
فرمائی ہے کہ : ان المنافق اذا مرض تم اعفی
کان کالبعیر عقل اھلہ تم ارسلوہ فَلَمْ یدرلِمَ عقلوہ ولم ید ر لِمَ ارسلوہ
(ابو داؤد، کتاب الجنائز) یعنی ’’ منافق جب بیمار پڑتا ہے اور پھر اچھا ہو جاتا ہے
تو اس کی مثال اس اونٹ کی سی ہوتی ہے جسے اس کے مالکوں نے باندھا تو اس کی کچھ
سمجھ میں نہ آیا کہ کیوں باندھا ہے اور جب کھول دیا تو وہ کچھ نہ سمجھا کہ کیوں
کھول دیا ہے ۔
Comments
Post a Comment